ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور ائرپورٹ کو پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کرنے اور ائرپورٹ کا نام تبدیل کرنے پر کانگریس کی طرف سے بدھ کو نکالی جائے گی ٹارچ لائٹ ریلی

مینگلور ائرپورٹ کو پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کرنے اور ائرپورٹ کا نام تبدیل کرنے پر کانگریس کی طرف سے بدھ کو نکالی جائے گی ٹارچ لائٹ ریلی

Wed, 18 Nov 2020 01:02:12    S.O. News Service

مینگلور 17 نومبر (ایس او نیوز)  مینگلور انٹرنیشنل ائرپورٹ کو پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کرنے اور ائرپورٹ کا نام تبدیل کرکے ادانی ائرپورٹ  بنانے پر سخت مخالفت کرتے ہوئے کانگریس نے کل بدھ کو ٹارچ ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے اور حکومت سے  مطالبہ کیا ہے کہ ائرپورٹ کا نام  کوٹی چنیا کے نام سے منسوب کیا جائے۔

دکشن کنڑا ڈسٹرکٹ یوتھ کانگریس صدر متھن رائے نے منگل کو اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  بتایا کہ دکشن کنڑا ڈسٹرکٹ یوتھ کانگریس اور ملکی ۔موڈبیدری بلاک کانگریس کی طرف سے کل بدھ کو مینگلور کے سرکٹ ہاوس سے بجپے ائرپورٹ تک ٹارچ ریلی نکالی جائے گی اور ائرپورٹ کو  پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کرنے کی سخت مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ  ائرپورٹ کو پرائیویٹائز کرنے پر عوام میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے اور ائرپورٹ کو ادانی گروپ کے حوالے کرنے پر سخت مخالفت کی جارہی ہے، ہم بھی مینگلور انٹرنیشنل  ائرپورٹ کو ادانی گروپ کے حوالے کرنے اور ائرپورٹ کا نام بدل کر ادانی ائرپورٹ رکھنے  کی سختی کے ساتھ مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ائرپورٹ کو پرائیویٹائز کرنے پر کانگریس کی طرف سے پہلے بھی  احتجاج  کرچکے ہیں، کانگریس کی طرف سے بھوک ہڑتال بھی کی جاچکی ہے اور یہ سب ہم سیاسی فائدہ اُٹھانے کے لئے نہیں کررہے ہیں بلکہ حکومت ائرپورٹ کو نجی کمپنی کے حوالے کرکے ساحلی بیلٹ کی تاریخ اور ثقافت کو  برباد کررہی ہے، اُس کی مخالفت کرنے اور اپنی تاریخ اور ثقافتی ورثے کو بحال رکھنے کے لئے آواز بلند کررہی ہے۔

متھن رائے نے مطالبہ کیا کہ  ائرپورٹ کا نام ادانی سے نکال کر کوٹی چنیّا ائرپورٹ  رکھا جائے جس کی تجویز اس سے پہلے بھی دی جاچکی ہے۔ متھن رائے نے یہ بھی بتایا کہ  بنگلور، ممبئی اور گجرات ائرپورٹ بھی نجی کمپنیوں کے حوالے کئے جاچکے ہیں مگر وہاں کے ائرپورٹ کے نام تبدیل نہیں کئے گئے، پھر مینگلور ائرپورٹ کا نام ادانی کے نام کے ساتھ کیوں منسوب کیا گیا ؟

متھن رائے نے جانکاری دی کہ کل بدھ شام کو منعقد ہونے والے ٹارچ ریلی احتجاج میں  سابق ڈسٹرکٹ کانگریس صدر ہریش کمار، سابق وزیر رماناتھ رائے، جے آر لوبو اور دیگر کانگریسی لیڈران حصہ لیں گے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اس بار بھی حکومت اگر ہمارے احتجاج پر حرکت میں نہیں آتی تو پھر آئندہ دنوں میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی جاسکتی ہے  اور  دیگر اداروں کو بھی ساتھ لے کر مزید  بڑا احتجاج منظم کرسکتی ہے۔

پریس کانفرنس میں ملکی۔ موڈبیدری سابق رکن اسمبلی ابھئے چندراجین، کانگریس لیڈران سداشیو اُلال، وسنت بیرناڈ، پیوش وغیرہ موجود تھے۔


Share: